ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / انتخابات کے زور پکڑتے ہی ایس پی حامیوں کو دھمکیاں ملنے لگیں : اکھلیش یادو

انتخابات کے زور پکڑتے ہی ایس پی حامیوں کو دھمکیاں ملنے لگیں : اکھلیش یادو

Mon, 07 Feb 2022 09:20:00    S.O. News Service

لکھنؤ،7؍فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے الزام عائد کیا کہ ان کی پارٹی کی انتخابی مہم کے زور پکڑنے کے ساتھ ہی ریاست کے مختلف علاقوں میں پارٹی کے حامیوں کو دھمکیاں ملنا شروع ہوگئی ہیں ۔

اکھلیش نے اتوار کو آگرہ کے باہہ اور اعتماد پور اسمبلی حلقوں میں عوامی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مسلسل اطلاع موصول ہو رہی ہے کہ ایس پی کی انتخابی مہم کےزور پکڑنے کے ساتھ ہی پارٹی کارکنوں اور حامیوں کو دھمکیاں مل رہی ہیں ۔ انہوں نے اس طرح کی دھمکیوں کو ریکارڈ کرنے کی عوام سے اپیل بھی کی۔

اکھلیش نے کہا کہ آج کل ہر موبائل فون میں ریکارڈنگ کی جا سکتی ہے۔ جیسے ہی کوئی دھمکی آمیز فون آئے، اس کی ویڈیو بنا لینا، جس سے اس کی شکایت کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی ریکارڈنگ کو ایف آئی آر کا ٹھوس ثبوت سمجھا جاتا ہے۔

انہوں نے کارکنوں سے انتخابی مہم کے دوران کورونا پروٹوکول پر بھی عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایس پی کی تمام میٹنگوں میں قواعد وضوابط پر پورا عمل کیا جا رہا ہے ۔ اس کے باوجود گزشتہ دو تین دنوں میں ایس پی- آر ایل ڈی اتحاد کی انتخابی مہم کے پروگراموں کو لے کر شکایات درج کی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے اسے حکمران بی جے پی کی ہار کے ڈر سے بوکھلاہٹ کا ثبوت قرار دیا ۔


Share: